ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ریاست کرناٹک میں بجلی کی مانگ میں اضافہ

ریاست کرناٹک میں بجلی کی مانگ میں اضافہ

Mon, 06 May 2019 11:41:37    S.O. News Service

بنگلورو 6 مئی (ایس او نیوز) بیسکام کے دائرے میں گزشتہ 26اپریل کو 6,156 میگاواٹ بجلی کی مانگ دیکھی گئی ۔ بیسکام کی تاریخ میں ہی یہ ایک ریکارڈ ہے ۔ فی الحال 5,500 میگاواٹ بجلی کی مانگ ہے ۔ اتنی بجلی سربراہ کرنے میں بیسکام کو کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ بجلی کے آلات کے استعمال میں اضافہ ، کارخانوں کو افزود بجلی کی فراہمی ، زرعی پمپ سیٹ کے لئے بجلی کا بے جا استعمال کئے جانے کے سبب بیسکام کی حدود میں بجلی کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے ۔ بیسکام کی حدود کے 8 اضلاع میں سے بنگلورو میں سب سے زیادہ بجلی کا استعمال ہورہا ہے ۔ بنگلورو سٹی ، بنگلورو دیہی، رام نگر، ٹمکور، کولار، چک بالاپور، داونگرے اور چتردرگہ ضلع میں بجلی کی مانگ بڑھ گئی ہے ۔ ریاست میں یومیہ بجلی کی مانگ 10,500 سے 11,500 میگاواٹ ہے۔ یعنی ریاست میں استعمال ہونے والی بجلی کی مقدار میں تقریباً 45 تا 50فیصد ہے ۔ بقیہ چار ایسکام کے دائرے کے 22 اضلاع میں 50 تا 55 فیصد بجلی کا استعمال ہوا ہے ۔ جیسے جیسے بجلی کا استعمال زیادہ ہو رہا ہے ویسے ہی ہر سال مانگ میں بھی اضافہ ہورہا ہے ۔ اس بار بھی بیسکام کی حدودوالے علاقوں میں بجلی کی مانگ غیر معمولی ہے ۔ 26 اپریل کو 24 گھنٹوں میں 6 ہزار 156 میگاواٹ بجلی کی مانگ دیکھی گئی ۔ بنگلورو سمیت ریاست میں عام دنوں سے موازنہ کیا گیا تو درجہ حرارت ایک تا دو فیصد بڑھ گیا ہے ۔ گرمی سے بچنے کے لئے لوگ کولر، فین اور اے سی کے علاوہ دیگر الیکٹرانک مشینوں کا استعمال بڑھ گیا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی صنعتی کارخانوں میں بجلی حد سے زیادہ استعمال ہورہی ہے جس کے نتیجے میں بیسکام کے دائرے میں بجلی کا استعمال دن بہ دن بڑھ رہا ہے ۔ بیسکام سمیت ریاست بھر میں بجلی کی مانگ میں اضافے کے باوجود شمسی توانائی کی پیداوار بھی دوگنی ہوگئی ہے ۔ کے پی سی ایل کے منیجنگ ڈائرکٹر وی پوناراج کے مطابق چند دنوں سے ریاست بھر میں بارش ہوئی ہے جس کے سبب بجلی کی مانگ میں بھی کمی آئی ہے اور کوئلے کی مانگ زیادہ نہیں ہے اسی لئے فی الحال 15 دنوں تک استعمال ہونے والے کوئلے کا ذخیرہ کیا جارہا ہے ۔ گزشتہ سال کے مقابلے اس بار آبی ذخائر میں پانی کی مقدار زیادہ ہے ۔ مانگ کے مطابق آبی بجلی تیار ہورہی ہے ۔ ریاست میں کہیں بھی لوڈ شیڈنگ کئے بغیرنہ صرف آبی بجلی بلکہ شمسی توانائی کے ذریعے بھی بجلی تیار کی جارہی ہے ۔
 


Share: